اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں ریکارڈ ہوا جہاں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ دادو اور جیکب آباد میں 48 ڈگری جبکہ تربت اور موہنجو داڑو میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سکھر، نواب شاہ اور ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک رہا، جبکہ ملتان اور بہاولپور میں یہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری، پشاور میں 42 ڈگری اور اسلام آباد و مظفرآباد میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا۔
اسی طرح کراچی اور کوئٹہ میں درجہ حرارت 37 ڈگری جبکہ گلگت میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری ہیٹ ویو کم از کم 12 جون تک برقرار رہ سکتی ہے۔ خاص طور پر سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور 12 جون تک درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے، تاہم گرمی کی شدت اس سے کہیں زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے