الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں حلقہ جی بی-15 (دیامر 1)، جی بی-16 (دیامر 2) اور جی بی-17 (دیامر 3) کے انتخابی نتائج روک دیے ہیں۔
دنیا نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ بعض پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ مکمل ہونے تک کسی بھی حلقے کے حتمی نتائج جاری نہیں کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ سکردو، استور اور دیامر کے مختلف حلقوں میں بھی نتائج کے اعلان پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ہدایات کے مطابق ریٹرننگ افسران کو پوسٹل بیلٹس کھولنے، ووٹوں کی گنتی مکمل کرنے اور فائنل نتائج جاری کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ دوبارہ پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی حتمی نتائج مرتب کیے جائیں گے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو انتخابی ضابطے کی سنگین خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کے مطابق تمام حلقوں کے نتائج ری پولنگ کے مکمل ہونے تک روک دیے گئے ہیں۔
اس سے قبل جی بی اے-15 کے خواتین پولنگ اسٹیشن لوشی تھک میں پولنگ کے عمل کو امن و امان کی صورتحال کے باعث کالعدم قرار دیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس پولنگ اسٹیشن پر پتھراؤ اور فائرنگ کے واقعات کے باعث ووٹنگ کا عمل متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں تقریباً 200 ووٹ کاسٹ ہونے کے باوجود زیادہ تر ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال نہ کر سکے۔ سیکیورٹی صورتحال بگڑنے پر پولنگ اسٹاف کو حفاظتی حصار میں وہاں سے نکال لیا گیا۔
حکام نے اعلان کیا ہے کہ لوشی تھک میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ 15 جون 2026 کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے ہوگی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شفاف اور پرامن انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں گے جبکہ ریٹرننگ آفیسر جی بی اے-15 دوبارہ پولنگ کے عمل کی خود نگرانی کریں گے