پاکستان میں آن لائن تحفظ کے لیے گوگل کا ڈیجیٹل پاسبان پروگرام شروع
گوگل نے پاکستان میں آن لائن سیفٹی اور ڈیجیٹل تحفظ کو فروغ دینے کے لیے ’’ڈیجیٹل پاسبان‘‘ پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔ پروگرام کے تحت تقریباً 2 لاکھ خاندانوں کو گوگل کے آن لائن سیفٹی ٹولز اور محفوظ ڈیجیٹل استعمال سے متعلق تربیت فراہم کی جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گوگل کے کلسٹر ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کی آمد دنیا کے لیے ایک مثبت پیغام ہے کہ ملک ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے کھلا ہے۔
گوگل کے نائب صدر برائے گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی ولسن وائٹ نے کہا کہ آن لائن تحفظ کمپنی کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے اور گوگل کی اہم مصنوعات میں سکیورٹی فیچرز پہلے سے موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’’ڈیجیٹل پاسبان‘‘ پروگرام پر عملدرآمد کے لیے گوگل 5 لاکھ ڈالر خرچ کرے گا۔ ان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد والدین اور خاندانوں کو عملی حفاظتی ٹولز، ڈیجیٹل خواندگی سے متعلق مواد اور ضروری رہنمائی فراہم کرنا ہے، تاکہ بچے انٹرنیٹ پر زیادہ محفوظ اور اعتماد کے ساتھ سرگرمیاں انجام دے سکیں۔
ولسن وائٹ کا کہنا تھا کہ پروگرام کی تربیت مکمل کرنے کے بعد والدین کے لیے اپنے بچوں کو نامناسب یا نقصان دہ آن لائن مواد سے محفوظ رکھنے کے طریقوں کو سمجھنا آسان ہوگا۔
چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ بچوں کی ڈیجیٹل تربیت میں والدین اور اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی اے کو بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق روزانہ بڑی تعداد میں شکایات موصول ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے بطور ریگولیٹر اپنی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے، تاہم موجودہ دور میں ٹیکنالوجی سے دور رہنا ممکن نہیں۔ ان کے مطابق ضرورت اس بات کی ہے کہ قوانین اور ضوابط کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے مثبت فوائد بھی حاصل کیے جائیں۔
حفیظ الرحمٰن کے مطابق پی ٹی اے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور موصول ہونے والی شکایات اور مقامی قوانین سے متعلق پلیٹ فارمز کو آگاہ کرتا رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے متعلق شکایات کے معاملے میں گوگل کا کمپلائنس ریٹ نمایاں طور پر بلند ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجیز کے ذمہ دارانہ اور مثبت استعمال کے ذریعے نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے ساتھ ملک کو مزید ترقی پسند سمت میں آگے لے جایا جاسکتا ہے۔