سابق عالمی سنوکر چیمپئن گریم ڈوٹ کو 7 سال قید کی سزا

سنوکر کے سابق عالمی چیمپئن گریم ڈوٹ کو دو بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے جرم میں 7 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے 49 سالہ گریم ڈوٹ کے خلاف سزا کا فیصلہ ایڈنبرا ہائی کورٹ نے سنایا۔ عدالت میں کارروائی مکمل ہونے اور سزا کا اعلان کیے جانے کے بعد سابق عالمی چیمپئن نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

عدالتی فیصلے کے بعد گریم ڈوٹ کو ہتھکڑیاں لگا کر جیل منتقل کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گریم ڈوٹ پر 1993 سے 2010 کے درمیان ایک لڑکے اور ایک لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جن کے مقدمے میں عدالت نے انہیں مجرم قرار دیتے ہوئے قید کی سزا سنائی۔

واضح رہے کہ گریم ڈوٹ نے 2006 میں عالمی سنوکر چیمپئن شپ جیتی تھی اور وہ اسکاٹ لینڈ کے نمایاں سنوکر کھلاڑیوں میں شمار ہوتے رہے ہیں۔