گجرات میں دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر نوجوان قتل
گجرات کے نواحی علاقے میں ڈکیتی کی ایک واردات کے دوران فائرنگ سے ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ بھاگو کے علاقے میں پیش آیا، جہاں چند مسلح افراد مبینہ طور پر ایک گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ سے قیمتی اشیا اور نقد رقم چھیننے کی کوشش کی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والا مجاہد نامی نوجوان اپنے بھتیجے کے ہمراہ گھر میں موجود تھا جب ملزمان اندر داخل ہوئے۔ واردات کے دوران مزاحمت ہونے پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں مجاہد شدید زخمی ہو گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔