ہانیہ عامر نے اداکاری کے بعد گلوکاری میں بھی قدم رکھ دیا، پنجابی ہپ ہاپ گانا ’PABLO‘ ریلیز
پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے اداکاری کے میدان کے بعد موسیقی کی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے اپنا نیا پنجابی ہپ ہاپ گانا ’PABLO‘ جاری کردیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گانا ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا اور ویڈیو پلیٹ فارمز پر توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا اور ٹرینڈنگ میں شامل ہوگیا۔ صرف دو روز کے دوران یوٹیوب پر 13 لاکھ سے زائد افراد اس گانے کی ویڈیو دیکھ چکے ہیں۔
ہانیہ عامر نے اس گانے میں صرف آواز ہی نہیں دی بلکہ گانے کی تحریر اور کمپوزیشن بھی خود کی ہے۔
نئے گانے میں اداکارہ نے اپنے ناقدین کے حوالے سے بھی واضح انداز میں اپنا پیغام پیش کیا ہے، جس کے باعث گانا سوشل میڈیا پر مزید توجہ حاصل کررہا ہے۔
گانے کے اختتامی حصے میں بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کی آواز بھی شامل کی گئی ہے۔ گانے میں راکھی ساونت ہانیہ عامر کو حوصلہ دیتے ہوئے تنقید کو نظر انداز کرنے اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کا پیغام دیتی سنائی دیتی ہیں۔
راکھی ساونت نے ہانیہ عامر کو بہادر قرار دیتے ہوئے انہیں اپنے مخالفین کا ڈٹ کر سامنا کرنے کی تلقین کی اور خوف کے بجائے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔
ہانیہ عامر کی یہ نئی میوزیکل کاوش اداکاری کے بعد گلوکاری کے شعبے میں ان کا ایک نیا تجربہ ہے، جس پر مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔