ہونڈا پاکستان نے BR-V کی فروخت بند کردی، گاڑی ویب سائٹ سے بھی غائب
ہونڈا اٹلس کارز پاکستان نے ملک میں فروخت ہونے والی سات نشستوں پر مشتمل کراس اوور گاڑی کی دستیابی ختم کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہونڈا پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ پر موجود گاڑیوں کی فہرست سے BR-V کو بھی ہٹا دیا گیا ہے، جس کے بعد اس ماڈل کی مقامی مارکیٹ میں فروخت بند ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
پاک وہیلز کے مطابق کمپنی سے معاملے کی تصدیق کے لیے رابطہ کیا گیا، جس پر ہونڈا نے بتایا کہ Honda BR-V اب صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے۔
تاہم کمپنی کی جانب سے فی الحال یہ نہیں بتایا گیا کہ BR-V کی جگہ کون سا ماڈل متعارف کرایا جائے گا اور نہ ہی اس گاڑی کی فروخت روکنے کی باضابطہ وجہ سامنے آئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ BR-V کو مارکیٹ سے ہٹانے کے فیصلے کے پیچھے کم فروخت، کمپنی کی نئی پروڈکٹ حکمت عملی یا مستقبل میں کراس اوور گاڑیوں سے متعلق منصوبہ بندی جیسے عوامل ہوسکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا گیا۔
BR-V کی دستیابی ختم ہونے کے بعد اب یہ سوال بھی سامنے آیا ہے کہ ہونڈا پاکستان مستقبل میں سات نشستوں والی کسی نئی گاڑی کو مقامی مارکیٹ میں متعارف کراتی ہے یا نہیں۔