مقامی ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی شرح کم کردی گئی
وفاقی حکومت نے ملک میں تیار ہونے والی 2000 سی سی تک ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق مقامی سطح پر تیار کی جانے والی ان ہائبرڈ گاڑیوں پر اب سابقہ 25 فیصد کے بجائے 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے 8 مارچ 2023 کے ایس آر او نمبر 297 اور 8 مارچ 2024 کے ایس آر او نمبر 370 میں ترامیم کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایس آر او 370 میں نئی ترمیم شامل کی گئی ہے، جس کے تحت 2000 سی سی تک مقامی طور پر تیار ہونے والی ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی نئی شرح کا اطلاق ہوگا۔
حکومتی فیصلے کے بعد مقامی طور پر تیار ہونے والی مخصوص ہائبرڈ گاڑیوں پر ٹیکس کا بوجھ کم ہونے کا امکان ہے، جس سے ان کی قیمتوں پر بھی اثر پڑسکتا ہے۔