آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنلانگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا
July 3, 2026
6:05 pm
آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا فائنل اتوار کو تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی خواتین ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ اوول میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز اسکور کیے۔
جواب میں آسٹریلیا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف دو وکٹیں گنوا کر 13ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا اور فیصلہ کن معرکے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں میزبان انگلینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوا، جہاں انگلش ٹیم نے 40 رنز کی کامیابی کے ساتھ فائنل میں رسائی حاصل کی۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا، جس پر انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز تک محدود رہی۔
یوں ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اب آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے فائنل میں داؤ پر ہوگا، جو اتوار کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔
ادھر میری لیبون کرکٹ کلب (MCC) نے اپنے اراکین سے اپیل کی ہے کہ وہ فائنل کے موقع پر لارڈز میں بھرپور تعداد میں موجود ہوں تاکہ گراؤنڈ میں تماشائیوں کی مکمل موجودگی یقینی بنائی جا سکے۔
ایم سی سی ماضی کی اس صورتحال کو دہرانا نہیں چاہتی جب 2017 کے ویمنز ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ کی تاریخی فتح کے باوجود ممبرز اسٹینڈز کی کئی نشستیں خالی رہ گئی تھیں، جس پر ادارے کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس فائنل میں تقریباً 24 ہزار شائقین موجود تھے، تاہم ممبرز انکلوژر کی خالی نشستیں خاصی توجہ کا مرکز بنی تھیں۔