غیرقانونی ذرائع سے یورپ پہنچنے والے پاکستانی شہریوں کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ

وفاقی حکومت اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے غیرقانونی انسانی اسمگلنگ کے خلاف کیے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔ رواں سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران غیرقانونی ذرائع سے یورپ پہنچنے والے پاکستانی شہریوں کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جنوری اور فروری 2026 کے دوران غیرقانونی راستوں سے یورپ پہنچنے والے پاکستانیوں کی تعداد 440 رہی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ تعداد 1,224 تھی۔ اس طرح غیرقانونی ہجرت کے رجحان میں تقریباً 64 فیصد کمی دیکھی گئی۔

رپورٹس کے مطابق یورپی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی (Frontex) نے بھی پاکستانی شہریوں کی غیرقانونی آمد میں اس واضح کمی کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے ہوائی اڈوں پر سخت جانچ پڑتال، مشکوک مسافروں کی آف لوڈنگ، سفری دستاویزات کی مؤثر جانچ اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کے باعث غیرقانونی طور پر بیرونِ ملک جانے کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔