آئی ایم ایف نے پاکستان سے متعلق اپنی تفصیلی رپورٹ جاری کرتے ہوئے ملک کے لیے 11 نئی شرائط متعارف کرا دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نئی شرائط میں مالی سال 2027 کے بجٹ، گیس اور بجلی کے نرخوں سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ گیس ٹیرف میں جولائی 2026 اور فروری 2027 میں رد و بدل کیا جائے گا، جبکہ بجلی کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ جنوری 2027 میں متوقع ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو مزید خودمختار اور شفاف بنانے پر بھی زور دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مجموعی شرائط کی تعداد اب 55 تک پہنچ چکی ہے، جن کا مقصد مالی نظم و ضبط، ٹیکس نظام میں بہتری اور معاشی اصلاحات کو یقینی بنانا ہے۔
آئی ایم ایف نے مزید کہا کہ فارن ایکسچینج نظام میں نرمی سے متعلق منصوبہ مارچ 2027 تک تیار کیا جائے گا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان نے کئی مالیاتی اہداف حاصل کر لیے ہیں، تاہم بعض ٹیکس اہداف اور اصلاحات ابھی مکمل نہیں ہو سکیں۔