پاکستانی ریسلر انعام بٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت، ممکنہ پابندی کا سامنا

معروف پاکستانی ریسلر انعام بٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ان کے خلاف ممکنہ کارروائی کے حوالے سے معاملہ ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے زیرِ غور ہے۔

تفصیلات کے مطابق انعام بٹ کا اپریل میں ایشین بیچ گیمز کے دوران ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا، جس کا نتیجہ مثبت آنے کے بعد ریسلر سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر واڈا ان کی فراہم کردہ وضاحت سے مطمئن نہ ہوئی تو ان پر پابندی عائد کیے جانے کا امکان موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انعام بٹ نے گیمز سے قبل آنکھوں کے علاج کے لیے کچھ ادویات استعمال کی تھیں۔ ان کے مطابق ان ادویات کا کارکردگی بڑھانے یا طاقت میں اضافے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

انعام بٹ نے مبینہ طور پر واڈا حکام کو استعمال ہونے والی ادویات کی تفصیلات کے ساتھ میڈیکل رپورٹس، اسکینز اور ڈاکٹر کا نسخہ بھی فراہم کیا ہے۔

ڈوپنگ کیس پر مزید وضاحت کے لیے انعام بٹ اور ورلڈ اینٹی ڈوپنگ حکام کے درمیان رابطہ اور بات چیت جاری ہے۔ اگر واڈا ان کی وضاحت اور طبی دستاویزات سے مطمئن نہ ہوئی تو ضابطے کے تحت ان کے خلاف پابندی کی کارروائی کی جاسکتی ہے۔