انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آج آخری تاریخ، تاخیر پر جرمانے بڑھانے کی تجویز

سال 2026 کے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی مقررہ مدت آج ختم ہورہی ہے، جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مقررہ تاریخ کے بعد گوشوارے جمع کرانے والوں کے لیے جرمانوں میں نمایاں اضافے کی تجویز دی ہے۔

نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ تاخیر سے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے پر موجودہ ایک ہزار روپے جرمانہ بڑھا کر 25 ہزار روپے کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اسی طرح لیٹ فائلر ایسوسی ایشن کی صورت میں جرمانہ 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کمپنیوں کی جانب سے مقررہ وقت کے بعد ریٹرن جمع کرانے پر عائد جرمانے میں بھی اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ کمپنیوں کے لیے موجودہ 20 ہزار روپے جرمانے کو بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال مجموعی طور پر 35 لاکھ 16 ہزار 265 انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرائے گئے تھے، جبکہ رواں سال یہ تعداد بڑھ کر 48 لاکھ 76 ہزار 384 ہوگئی ہے۔

رواں سال جمع کرائے گئے گوشواروں کے ذریعے مجموعی طور پر 19 ارب 21 کروڑ 72 لاکھ روپے ٹیکس وصول ہوا۔ تنخواہ دار طبقے کی جانب سے 16 لاکھ 23 ہزار سے زائد ریٹرنز فائل کیے گئے، جن کے ذریعے 2 ارب 82 کروڑ روپے سے زائد ٹیکس جمع ہوا۔

غیر تنخواہ دار افراد نے 32 لاکھ 6 ہزار سے زائد ریٹرنز جمع کرائے، جن سے 13 ارب 43 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ اسی طرح ایسوسی ایشن آف پرسنز کی جانب سے ایک ارب 41 کروڑ روپے جبکہ کمپنیوں سے ایک ارب 54 کروڑ روپے ٹیکس حاصل ہوا۔

اسمال شاپ کیپرز اسکیم کے تحت بھی 644 ریٹرنز جمع کرائے گئے، جن سے 4 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد ٹیکس وصول ہونے کی اطلاعات ہیں۔