استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی اور تمام متعلقہ حلقوں میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔

پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں خالد محمود نے اپنے بیان میں کہا کہ مرکزی صدر عبدالعلیم خان کی ہدایات کے مطابق آئی پی پی تیسرے مرحلے کی باقی نشستوں پر بھی انتخاب لڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر حلقے میں مؤثر انتخابی مہم چلائی جائے گی اور بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سردار تنویر الیاس کی جانب سے انتخابات کے بائیکاٹ سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہے اور اسے پارٹی کی سرکاری پالیسی نہیں سمجھا جانا چاہیے۔

میاں خالد محمود نے آزاد کشمیر کے انتخابات پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انتخابی عمل میں سرکاری وسائل اور انتظامی مشینری کے استعمال کے ذریعے نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی۔ ان کے مطابق بعض مقامات پر ضلعی انتظامیہ کی موجودگی میں بیلٹ بکس میں مبینہ بے ضابطگیاں کی گئیں۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ متعدد پولنگ اسٹیشنز پر استحکام پاکستان پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا، جبکہ سرکاری مشینری کے استعمال سے انتخابی شفافیت متاثر ہوئی۔ ان کے بقول سامنے آنے والے نتائج عوامی رائے کے بجائے مبینہ سرکاری مداخلت کی عکاسی کرتے ہیں۔