ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق مذاکرات میں پیشرفت

ایرانی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق عمان کے ساتھ جاری مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کے روز تہران میں عمانی حکام کے ساتھ مختلف نشستیں ہوئیں، جن میں آبنائے ہرمز کے انتظام، بحری آمد و رفت اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز سے متعلق بنیادی اصولوں اور عملی اقدامات پر بھی گفتگو کی، جبکہ تکنیکی اور سیاسی سطح پر رابطوں اور مشاورت کا عمل مسلسل جاری ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے باوجود آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے اور موجودہ صورتحال میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔