حضرت امام حسین علیہ السلام نے ہمیشہ ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیا ھے ۔ ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے 9 محرم الحرام کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں حضرت امام حسینؑ کی تعلیمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حق اور انصاف کے لیے ثابت قدم رہنا ہی واقعۂ کربلا کا بنیادی پیغام ہے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ انسان کو نہ کسی پر ظلم کرنا چاہیے، نہ ظلم کو قبول کرنا چاہیے اور نہ ہی ناانصافی کے خلاف خاموش رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی، وقار اور حق کے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، چاہے اس کے لیے بڑی سے بڑی قربانی کیوں نہ دینی پڑے۔

مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ ایک فرد بظاہر تنہا ہو سکتا ہے، لیکن اگر وہ سچائی اور انصاف کے ساتھ کھڑا ہو تو اس کا مؤقف مضبوط رہتا ہے۔ انہوں نے حضرت امام حسینؑ کی جدوجہد کو ظلم کے خلاف استقامت اور حق کے دفاع کی روشن مثال قرار دیا۔

دریں اثنا، ایران نے امریکی حکام کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مفاہمتی دستاویزات اور معاہدوں کی تشریح ذمہ داری اور سنجیدگی کے ساتھ کی جانی چاہیے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دیا کہ امریکا اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کرے۔