فریقین کو جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی نائب صدر اور خارجہ امور کی سربراہ کاجا کالس سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور تیزی سے بدلتے ہوئے حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق کاجا کالس نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے قیامِ امن کے لیے اس کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے حالیہ جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور تمام فریقوں کے درمیان رابطوں کے مؤثر ذرائع برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی نائب صدر کو مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے جنگ بندی معاہدوں کا احترام اور ان پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے بھی علیحدہ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی پیش رفت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عمل میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔

ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد نے پاکستان کے جلد دورے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قیامِ امن اور جنگ بندی کے لیے پاکستانی قیادت کی کوششوں پر ذاتی طور پر شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر امن، استحکام اور تنازعات کے حل کے لیے سفارتکاری اور مکالمے کے فروغ کی پالیسی پر عمل جاری رکھے گا۔