اسلام آباد کے سیکٹر ایف-10 میں احتجاج، مبینہ توڑ پھوڑ، دکانیں زبردستی بند کرانے اور سڑک بلاک کرنے کے الزام میں سابق سینیٹر مشتاق احمد، اخونزادہ حسین یوسفزئی اور دیگر افراد کے خلاف تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج
اسلام آباد کے سیکٹر ایف-10 میں احتجاج، مبینہ توڑ پھوڑ، دکانیں زبردستی بند کرانے اور سڑک بلاک کرنے کے الزام میں سابق سینیٹر مشتاق احمد، اخونزادہ حسین یوسفزئی اور دیگر افراد کے خلاف تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق احتجاج میں تقریباً 500 افراد شریک تھے۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ مظاہرین نے مرکزی شاہراہ بند کر کے ٹریفک کی روانی متاثر کی اور متعدد بار وارننگ دینے کے باوجود منتشر ہونے سے انکار کیا۔
مقدمے میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ احتجاج کے دوران ایک میڈیا ادارے کی گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا، جبکہ سرکاری املاک اور پولیس کی گاڑیوں میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔
پولیس کے مطابق مظاہرین اور اہلکاروں کے درمیان جھڑپ کے دوران پتھراؤ بھی ہوا، جس کے نتیجے میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔