اسلام آباد کے علاقے غوری ٹاؤن میںقائم مبینہ غیرقانونی ادویات سازی کا یونٹ بے نقاب

سلام آباد کے علاقے غوری ٹاؤن میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک رہائشی مکان میں قائم مبینہ غیرقانونی ادویات سازی کا یونٹ بے نقاب کر دیا۔

حکام کے مطابق یہ یونٹ مطلوبہ رجسٹریشن اور لائسنس کے بغیر کام کر رہا تھا، جہاں انسانوں اور جانوروں کے استعمال کی مختلف ادویات تیار کی جا رہی تھیں۔

کارروائی کے دوران تیار شدہ ادویات، خام مال، انسانی و ویٹرنری ادویات کی پیکنگ کے لیے استعمال ہونے والا سامان اور دیگر متعلقہ مواد قبضے میں لے لیا گیا۔ اس موقع پر دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

ڈریپ کے مطابق ضبط کیے گئے تمام ادویات اور سامان کو اپنی تحویل میں لے کر غیرقانونی فیکٹری کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

حکام نے بتایا کہ برآمد ہونے والی پولٹری ادویات کی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے، جبکہ بعض ادویات کی فی یونٹ قیمت تقریباً 40 ہزار روپے تک بتائی جا رہی ہے۔