اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سینٹر کا افتتاح
اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سینٹر کے افتتاح کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور دیگر ججز نے میڈیا سینٹر کا افتتاح کیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق تقریب میں جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس راجہ انعام منہاس سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ میں میڈیا سینٹر کا قیام آزاد میڈیا کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی عدلیہ پر تنقید کریں یا تعریف، انہیں اپنی رائے کے اظہار کی مکمل آزادی حاصل ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ میڈیا کو اپنا کام آزادانہ طور پر انجام دینا چاہیے اور عدالت کی جانب سے صحافیوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔