اسلام آباد پولیس میں بھرتی کے عمل کے دوران فزیکل ٹیسٹ میں شریک ہونے والا ایک امیدوار جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس کے مطابق 25 سالہ اسحاق بھرتی کے لیے منعقدہ دوڑ میں حصہ لے رہا تھا کہ اچانک گر کر بے ہوش ہوگیا۔ موقع پر موجود عملے نے فوری طور پر اسے ایمبولینس کے ذریعے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کے مطابق نوجوان اسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کر چکا تھا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے اسحاق کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ سے تھا۔

واقعے کے بعد متعلقہ حکام نے ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات بھی جمع کی جا رہی ہیں۔