اسلام آباد میں رکشوں کے غیر قانونی داخلے کے خلاف ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے رکشوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کردی ہیں۔ اس مقصد کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کردی گئی ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران خلاف ورزی کرنے والے 400 سے زائد رکشہ ڈرائیوروں کے چالان کیے گئے جبکہ 150 سے زائد رکشے تحویل میں لے کر تھانوں میں منتقل کیے گئے ہیں۔

غیر قانونی داخلے کی روک تھام کے لیے ایکسپریس وے، کرنل شیر خان ایونیو، مری روڈ، سیونتھ ایونیو اور نائنتھ ایونیو سمیت اہم شاہراہوں پر خصوصی ناکہ جات بھی قائم کیے گئے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان نے رکشہ ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ روٹس پر چلیں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ایسے علاقوں میں داخل ہونے سے گریز کریں جہاں رکشوں کی آمد پر پابندی عائد ہے۔

انہوں نے کارروائیوں کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے زونل ڈی ایس پیز کو روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

سی ٹی او کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف بلاامتیاز ایکشن کا مقصد سڑکوں پر حادثات کے خطرے کو کم کرنا، ٹریفک کا بہاؤ برقرار رکھنا اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے اور شہریوں کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لیے دستیاب وسائل کو بھرپور انداز میں استعمال کیا جارہا ہے۔