آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ: پاکستان کے 4 میڈلز، اعصام الحق نے مکسڈ ڈبلز ٹائٹل دوبارہ جیت لیا

پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں منعقد ہونے والی آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے مجموعی طور پر چار تمغے حاصل کرلیے۔

پاکستان کے تجربہ کار ٹینس اسٹار اعصام الحق نے آسٹریا کی نینا ہرمن کے ساتھ مسلسل دوسری مرتبہ مکسڈ ڈبلز کا عالمی اعزاز حاصل کرلیا۔ پاکستانی اور آسٹرین جوڑی نے فائنل میں پرتگال کی ٹاپ سیڈ ٹیم کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

دوسری جانب اعصام الحق اور عقیل خان کی جوڑی نے مینز 45 پلس ڈبلز کیٹیگری میں سلور میڈل حاصل کیا۔

پاکستان نے مینز 45 پلس ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں بھی چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا، جبکہ 40 پلس مکسڈ ڈبلز ایونٹ میں عقیل خان نے کانسی کا میڈل جیت کر پاکستان کے میڈلز کی تعداد چار تک پہنچا دی۔

یہ کامیابیاں پاکستان کے تجربہ کار ٹینس کھلاڑیوں کی عالمی سطح پر مسلسل عمدہ کارکردگی کی عکاسی کرتی ہیں۔