مہنگائی اور پٹرولیم قیمتوں کے خلاف جماعت اسلامی کا راولپنڈی میں بھی دھرنے کا اعلان

جماعت اسلامی پاکستان نے مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف راولپنڈی میں بھی احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی راولپنڈی سید عارف شیرازی کے مطابق احتجاجی دھرنا 9 ستمبر سے شروع ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دھرنا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی ہدایت پر دیا جارہا ہے، جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

سید عارف شیرازی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان کے مطابق چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دھرنے پہلے ہی جاری ہیں، جبکہ بڑے شہروں میں عوامی اجتماعات کے بعد احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ مزید وسیع کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں دھرنا 9 ستمبر کو سہ پہر 4 بجے لیاقت باغ چوک، مری روڈ پر شروع ہوگا۔ ان کے مطابق احتجاج میں مردوں، خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

جماعت اسلامی راولپنڈی کے امیر نے کہا کہ دھرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

سید عارف شیرازی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے فوری ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر عملدرآمد کیا جائے۔

انہوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ٹیکس ختم کرنے کا فوری اعلان کیا جائے۔