اسرائیل ایران کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے کا حامی نہیں.جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں ایران سے متعلق امریکی پالیسی اور اسرائیل کے مؤقف پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے مطابق اسرائیل ایران کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے کا حامی نہیں، جبکہ بعض حلقے اس مسئلے کے حل کے لیے مسلسل فضائی حملوں کو ہی واحد راستہ سمجھتے ہیں، حالانکہ یہ مؤثر حکمتِ عملی ثابت نہیں ہوئی۔

جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ امریکا ایران میں حکومت کی تبدیلی کے لیے زمینی فوج بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ ان کے بقول اگر ایرانی عوام اپنے سیاسی نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں تو یہ فیصلہ صرف ان کا حق ہے اور اس کا تعین انہیں خود کرنا چاہیے۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسرائیلی حکومت سے وابستہ بعض عناصر نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کو متاثر کرنے کے لیے امریکا میں اثر و رسوخ قائم کرنے کی مہم پر بھاری وسائل صرف کیے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوششوں کے باوجود وہ امریکی قومی مفادات کو ہر صورت مقدم رکھیں گے۔

امریکی نائب صدر کے مطابق ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا ایک محدود اور مخصوص مقصد تھا، جبکہ امریکا کی بنیادی ترجیح آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنا اور عالمی سطح پر تیل و گیس کی بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنانا ہے۔