فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عظیم فوج سربراہ کے ساتھ ساتھ بہترین سفارت کار کے طور پر بھی خود کو منوایا ۔ جے ڈی وینس
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور مؤثر سفارتکاری کے ذریعے مذاکرات کو مثبت سمت میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سوئٹزرلینڈ میں ایرانی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے موقع پر پاکستانی اور قطری وفود سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نہ صرف ایک قابل فوجی رہنما ہیں بلکہ انہوں نے ایک کامیاب سفارتکار کے طور پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان کے بقول اس پیش رفت تک پہنچنے میں ان کی خدمات نہایت اہم رہی ہیں۔
امریکی نائب صدر نے گفتگو کے دوران ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ ان کی زندگی کی دو نمایاں شخصیات کا تعلق جنوبی ایشیا سے ہے۔ ایک طرف ان کی اہلیہ کا تعلق بھارت سے ہے، جبکہ دوسری جانب گزشتہ چند ماہ کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ ان کی مسلسل اور تفصیلی بات چیت رہی ہے۔
جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ ماضی میں ایران پر خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام پیدا کرنے کے الزامات لگتے رہے ہیں، تاہم حالیہ پیش رفت ایک مختلف اور زیادہ مثبت منظرنامہ پیش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایرانی قیادت خطے میں تنازعات کو ہوا دینے کے بجائے تعاون اور استحکام کے راستے پر گامزن رہے تو تمام ممالک مشترکہ طور پر امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے بہتر انداز میں کام کر سکتے ہیں۔