اداکارہ جینیفر ونگٹ کی شادی کی تقریب برطانیہ میں ہوئی جس کو انتہائی نجی رکھا گیا
July 19, 2026
4:51 pm
بھارتی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ جینیفر ونگٹ کی شادی سے متعلق خبریں سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق وہ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب 16 جولائی کو برطانیہ میں منعقد ہوئی، جسے انتہائی نجی رکھا گیا۔ تقریب میں صرف قریبی اہلِ خانہ اور چند خاص دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا۔
رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ جینیفر ونگٹ نے سنگاپور سے تعلق رکھنے والے ایک کاروباری شخصیت سے شادی کی ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے، جس میں انہیں سفید رنگ کے عروسی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ جینیفر ونگٹ اس سے قبل اپنے مقبول ڈرامے “دل مل گئے” کے ساتھی اداکار کرن سنگھ گروور سے 2012 میں شادی کر چکی تھیں۔ تاہم یہ رشتہ زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکا اور دونوں نے 2014 میں علیحدگی اختیار کر لی۔