کائنات امتیاز کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
پاکستان کی فاسٹ بولر کائنات امتیاز نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کائنات امتیاز نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 19 ون ڈے انٹرنیشنل اور 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔
کائنات امتیاز 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ بھی رہیں۔ انہوں نے قومی ٹیم کی جانب سے آخری ون ڈے میچ جنوری 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف، جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی اکتوبر 2022 میں تھائی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔
کائنات امتیاز نے اگرچہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے، تاہم ان کا کرکٹ سے تعلق برقرار رہے گا۔ وہ کمنٹری کے شعبے سے وابستہ ہیں اور حال ہی میں ویمنز میچ ریفری کے طور پر بھی اپنے نئے کیریئر کا آغاز کرچکی ہیں۔