معروف ٹک ٹاکر کنول آفتاب کا ناقدین کو کرارا جواب

پاکستان کی معروف سوشل میڈیا کریئیٹر کنول آفتاب نے حالیہ دنوں اپنے خلاف ہونے والی تنقید پر پہلی بار کھل کر ردعمل دیا ہے۔

کنول آفتاب اور ان کے شوہر، سوشل میڈیا کریئیٹر ذوالقرنین سکندر، نے رواں برس فریضۂ حج ادا کیا تھا۔ اس روحانی سفر کے دوران انہوں نے اپنے تجربات پر مبنی وی لاگز بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیے، جنہیں سوشل میڈیا پر خاصی توجہ اور پسندیدگی حاصل ہوئی۔

حال ہی میں جاری کیے گئے اپنے بیان میں کنول آفتاب کا کہنا تھا کہ حج کی ادائیگی کے بعد انہیں مسلسل تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق ان کے لباس، طرزِ زندگی یا روزمرہ کے معمولات سے متعلق کسی بھی معاملے پر بعض افراد حج کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو دوسروں کی زندگی پر تبصرہ کرنے کے بجائے اپنی ذات پر توجہ دینی چاہیے اور صرف حج کی ادائیگی کی بنیاد پر کسی کے طرزِ زندگی یا کردار کے بارے میں رائے قائم نہیں کرنی چاہیے۔

دوسری جانب کنول آفتاب کے اس مؤقف پر سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئی ہیں۔ بعض صارفین نے ان کی بات کی حمایت کی، جبکہ کئی افراد نے ان پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔