کراچی کھارادر کے علاقے میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج پر چھاپہ کروڑوں ریال برآمد

فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کے اسٹیٹ بینک سرکل نے کراچی کے علاقے کھارادر میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں مبینہ طور پر ملوث ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے بڑی مقدار میں غیر ملکی اور پاکستانی کرنسی برآمد کی گئی، جن میں 94 کروڑ ایرانی ریال اور 37 لاکھ روپے نقد شامل ہیں۔

گرفتار ملزم کی شناخت محمد حنیف ولد عمر فاروق کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم بغیر لائسنس غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں سرگرم تھا، جس سے قومی معیشت متاثر ہو رہی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق غیر قانونی ڈالر اور فارن کرنسی کاروبار کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔