کراچی کے سمندر میں تباہ کارگو طیارے کے بلیک باکس کا مقام تلاش
کراچی کے سمندر میں جولائی کے دوران حادثے کا شکار ہونے والے کے ٹو ایئرویز کے کارگو طیارے کے بلیک باکس کی موجودگی کا مقام پاک بحریہ نے تلاش کرلیا۔
پاک بحریہ کی جانب سے سمندر کی تہہ میں موجود طیارے کے ملبے اور بلیک باکس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے۔
پاک بحریہ کے مطابق بلیک باکس کی لوکیشن سمندر میں تقریباً 3 ہزار 200 میٹر کی گہرائی میں معلوم کی گئی ہے۔ اس مقام کی نشاندہی نیشنل انجینئرنگ اینڈ سائنٹیفک کمیشن (نیسکام) کے تیار کردہ خصوصی آلات کے ذریعے کی گئی۔
حکام کے مطابق بلیک باکس کے مقام سے متعلق تمام معلومات بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن کو فراہم کردی گئی ہیں تاکہ حادثے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوسکے۔
پاک بحریہ کے مطابق سمندر کی اتنی زیادہ گہرائی میں بلیک باکس کی نشاندہی کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن ہے، جو انتہائی مشکل اور پیچیدہ حالات میں انجام دیا گیا۔
پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ طیارے کے ملبے اور بلیک باکس کی تلاش کے لیے جاری آپریشن گزشتہ دو ماہ سے جاری ہے اور مشکل سمندری حالات کے باوجود سرچ کارروائیاں جاری رکھی گئی ہیں۔