کراچی کی مشہور طارق روڈ پر واقع جیولری شاپ پر ایف بی آر کا چھاپہ

کراچی(پاک لینز).کراچی کے علاقے طارق روڈ کی مارکیٹ میں واقع ایک جیولر شاپ پر ایف بی آر کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا، تاہم اس دوران صورتحال کشیدہ ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر مذکورہ دکان پر چھاپہ مار کر ریکارڈ طلب کیا اور ابتدائی پوچھ گچھ کی۔ اس کارروائی کے خلاف دکانداروں نے احتجاج شروع کر دیا اور ٹیم کو گھیر لیا۔

احتجاج کرنے والے تاجروں نے نعرے بازی کرتے ہوئے اپنی دکانیں بند کر دیں اور ٹائر جلا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس سے علاقے میں آمدورفت متاثر ہوئی۔

مارکیٹ ایسوسی ایشن نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے لبرٹی جیولرز پر یہ کارروائی کی گئی تھی۔