ریاست اس بات کو یقینی بنائے گی کی کشمیری عوام اپنی رائے کا حق آزادانہ اور جمہوری طریقہ سے استعمال کرے۔ خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ریاست اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کشمیری عوام اپنی رائے کے اظہار کا حق آزادانہ اور جمہوری طریقے سے استعمال کر سکیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیش آنے والے حالیہ واقعات کے دوران پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانیں ضائع ہوئیں اور بعض مقامات پر لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات بھی سامنے آئے۔ ان کے بقول ایسے اقدامات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بعض عناصر عوامی رائے اور انتخابی عمل کے بجائے طاقت کے استعمال کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ جو لوگ جمہوری طریقہ کار کو نظر انداز کرکے تشدد اور خونریزی کے ذریعے اپنی سوچ مسلط کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کے عزائم عوامی مفاد سے مختلف ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں اور پرتشدد کارروائیوں کے خلاف قانون کو پوری سختی کے ساتھ نافذ کیا جائے گا، جبکہ کشمیری عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔