پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کا احتجاج اندرونی اختلافات کا نتیجہ ہے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کو احتجاج کی کال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ احتجاج وفاقی حکومت کے خلاف نہیں بلکہ پارٹی کے اندر جاری اختلافات کا شاخسانہ ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وفاقی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی میں مختلف رہنما اپنی سیاسی بقا اور مفادات کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، جبکہ پارٹی کے اندرونی مسائل ہی اس احتجاج کی اصل وجہ ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی میں چند سیاسی شخصیات کے علاوہ دیگر عناصر کا طرزِ عمل ایسا ہے کہ انہیں ایک دوسرے سے ہی نمٹنے کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول پارٹی کی موجودہ صورتحال کسی بیرونی دباؤ کی محتاج نہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنی سیاسی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے احتجاج کی کال دی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس اقدام کا ایک مقصد علی امین گنڈاپور سے سیاسی طور پر جان چھڑانا بھی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کا احتجاج دراصل پی ٹی آئی کی اندرونی کشمکش کی عکاسی کرتا ہے اور اسے حکومت کے خلاف تحریک سمجھنا درست نہیں ہوگا۔
شرجیل میمن کے بیانات کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ وہ ان پر کسی قسم کا ردعمل دینا مناسب نہیں سمجھتے۔