کبریٰ خان: خوبصورتی کا ایک ہی معیار ہر خاتون پر لاگو نہیں ہو سکتا
پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان نے کہا ہے کہ معاشرے اور شوبز انڈسٹری میں خوبصورتی کے لیے ایسے مخصوص پیمانے قائم کر دیے گئے ہیں جن پر ہر خاتون پورا نہیں اتر سکتی، اور وہ خود بھی ان روایتی معیارات میں فٹ نہیں بیٹھتیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ خوبصورتی کو اکثر گوری رنگت، کم وزن، لمبے قد اور لمبے بالوں سے جوڑ کر دیکھا جاتا ہے، جس کے باعث بہت سی خواتین خود اعتمادی کی کمی کا شکار ہو جاتی ہیں اور خود کو دوسروں سے کم تر محسوس کرنے لگتی ہیں۔
کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی اپنے کیریئر کے دوران ایسے تجربات کا سامنا کیا، جہاں انہیں انہی ظاہری معیارات کی بنیاد پر جانچا گیا۔ تاہم وقت کے ساتھ انہوں نے اپنی شخصیت کو قبول کرنا سیکھا اور دوسروں کی توقعات کے بجائے اپنی انفرادیت کو اہمیت دینا شروع کر دی۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کہا کہ اختلافِ رائے ہر شخص کا حق ہے، لیکن کسی بھی رائے کا اظہار اس انداز میں نہیں ہونا چاہیے جس سے کسی کی دل آزاری ہو یا اسے ذہنی اذیت اور تضحیک کا سامنا کرنا پڑے۔