فضائی دفاع کا نظام اس وقت دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا کر رہا ہے ۔کویتی فوج
کویت کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام اس وقت دشمن کی جانب سے کیے جانے والے ممکنہ میزائل اور ڈرون حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق، اگر مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں تو اس کی وجہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے خطرات کو ناکام بنانے کی کارروائیاں ہوں گی۔
کویتی حکام نے شہریوں اور ملک میں موجود تمام رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں کی جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا نے ایران میں 80 سے زائد فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمان (سینٹ کام) کے مطابق یہ کارروائی آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں پر مبینہ حملوں کے جواب میں کی گئی۔
دوسری جانب ایرانی حکام نے امریکی فضائی حملوں پر سخت ردعمل کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کارروائیوں کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جس کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔