کویتی وزیرِ خارجہ دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، اہم ملاقاتیں متوقع

پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے سلسلے میں کویت کے وزیرِ خارجہ جراح جابر الاحمد الصباح دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری زاہد حسین نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے وفود کے درمیان باہمی تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور سمیت مشترکہ دلچسپی کے معاملات بھی مذاکرات کا حصہ ہوں گے۔

کویتی وزیرِ خارجہ اپنے قیام کے دوران پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر گفتگو متوقع ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیشرفت ثابت ہوگا۔