لاہور میں 10 روزہ بسنت کی منظوری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں 10 روز تک بسنت منانے کی منظوری دیتے ہوئے شہریوں کے لیے نئے سال کے موقع پر خصوصی اعلان کردیا۔

یاد رہے کہ تقریباً 25 سال کے وقفے کے بعد رواں برس فروری میں لاہور میں 6 سے 8 فروری تک بسنت کے تہوار کا انعقاد کیا گیا تھا۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 2027 کی آمد پر لاہور کے شہریوں کو 10 روزہ بسنت کا تحفہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 29 جنوری سے 7 فروری تک لاہور میں بسنت منانے کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، تاہم 5 فروری کو یومِ کشمیر کی مناسبت سے بسنت کی تقریبات ایک روز کے لیے روک دی جائیں گی۔

مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ گزشتہ بسنت کے مقابلے میں اس مرتبہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور سہولیات کے لیے مزید مؤثر انتظامات کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق بسنت کے دس روزہ جشن کے ذریعے پنجاب کے ثقافتی رنگ اور لاہور کی صدیوں پرانی تہذیبی روایت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

مریم نواز نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ بسنت کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ذمہ داری، احتیاط اور فرض شناسی کا مظاہرہ کریں اور گزشتہ بسنت کی طرح اس بار بھی مثبت مثال قائم کریں۔