لاہور میں موسلا دھار بارش مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری
لاہور میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے گرمی کی شدت کم کر دی اور شہر کا موسم خوشگوار بنا دیا، جبکہ مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔
شدید بارش کے باعث لاہور ہائیکورٹ، مال روڈ اور اطراف کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونا شروع ہو گیا، جس سے بعض نشیبی مقامات پر شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے اعداد و شمار کے مطابق گلشن راوی میں سب سے زیادہ 42.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سمن آباد میں 41.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ سگیاں میں 17.4 ملی میٹر، فرخ آباد میں 11.6 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 11 ملی میٹر اور لکشمی چوک میں 6.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 24 جولائی تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان برقرار رہے گا۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق طاقتور مون سون سسٹم اور مغربی ہواؤں کے امتزاج کے باعث 20 سے 23 جولائی کے دوران گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں شدید بارشیں متوقع ہیں، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔