لاہور ہائیکورٹ نے عدالتوں میں جمعہ اور ہفتہ کی تعطیل سے متعلق جاری کیا گیا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری نئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اب عدالت عالیہ سمیت صوبے بھر کی ماتحت عدالتیں جمعہ اور ہفتہ کے روز بھی معمول کے مطابق کھلی رہیں گی اور عدالتی کارروائی پہلے کی طرح جاری رہے گی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد رجسٹرار راجہ قمر الزمان نے اس حوالے سے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلعی اور ماتحت عدالتوں میں کیسز کی سماعت پرانی روٹین کے مطابق ہوگی جبکہ عدالتی عملے کو بھی معمول کے شیڈول کے تحت جمعہ اور ہفتہ کو اپنی ڈیوٹی انجام دینا ہوگی۔
واضح رہے کہ 11 مارچ کو قومی بچت پالیسی کے تحت جمعہ اور ہفتہ کو تعطیل دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، تاہم اب اسے واپس لے کر پرانا شیڈول بحال کر دیا گیا ہے۔