لاہور میں روڈ سیفٹی آگاہی مہم کا دائرہ وسیع
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر شہر میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی مہم کو مزید وسعت دے دی گئی ہے، جس کے تحت روزانہ 20 سے زائد اسکولوں اور کالجز میں خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق تعلیمی اداروں کے علاوہ بس اسٹینڈز، سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر میں بھی شہریوں کو ٹریفک قوانین اور محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔ رواں سال اب تک روڈ سیفٹی اور ٹریفک شعور سے متعلق 200 سے زائد لیکچرز اور سیمینارز منعقد کیے جاچکے ہیں۔
سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ مؤثر ٹریفک نظام کے لیے روڈ ایجوکیشن، قوانین پر عمل درآمد اور بہتر روڈ انجینئرنگ تینوں عوامل ضروری ہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی مہذب معاشرے میں شہریوں کے ٹریفک شعور کو اہمیت حاصل ہوتی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے صرف خلاف ورزیوں پر چالان کرنا کافی نہیں، بلکہ شہریوں میں قوانین کی پابندی اور محفوظ سفر کے حوالے سے شعور پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آگاہی لیکچرز اور روڈ سیفٹی سیمینارز کا بنیادی مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور سڑک پر محفوظ رویوں سے آگاہ کرنا ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے مزید کہا کہ بچوں میں ابتدائی عمر سے ٹریفک قوانین کا شعور اجاگر کرنے کے لیے روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔