لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی

وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا، ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارۂ بسالت، کو جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے انہیں نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا نیا کمانڈر مقرر کرنے کی بھی منظوری دی۔

جنرل عامر رضا اس تقرری سے قبل پاک فوج میں چیف آف جنرل اسٹاف کے منصب پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل عامر رضا کو ترقی اور نئی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں قومی مفاد کے مطابق پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں گے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ نے جنرل عامر رضا کی ترقی اور نئی تقرری سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی کے بعد جنرل عامر رضا ملک کے اسٹریٹجک کمانڈ کے اہم ترین عہدوں میں سے ایک کی قیادت کریں گے، جہاں وہ قومی دفاع سے متعلق اہم ذمہ داریاں انجام دیں گے۔