مدینہ ٹاؤن میں مکان کی چھت منہدم، میاں بیوی جاں بحق
اسلام آباد کے علاقے مدینہ ٹاؤن میں شدید بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق جبکہ ایک 18 سالہ لڑکی زخمی ہوگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چھت گرنے کا حادثہ بارش کے دوران پیش آیا۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائی کرتے ہوئے میاں بیوی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دونوں علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکے۔
انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کی عمریں تقریباً 50 سے 60 سال کے درمیان تھیں۔ چھت گرنے کے باعث ایک 18 سالہ لڑکی بھی زخمی ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچا دیا گیا۔
ضلعی حکام نے بتایا کہ مکان کی چھت مٹی اور گارڈرز سے تعمیر کی گئی تھی۔ مسلسل بارش کے باعث تعمیراتی ڈھانچہ کمزور ہوا اور بالآخر چھت گر گئی۔
ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ شہریوں کو مشکلات سے بچنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے احتیاط برتنے اور غیر محفوظ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔