ایران سنجیدہ رویہ اختیار کرتا ہے تو امریکا تنازع کے حل کے لیے سفارتی راستہ اپنانے پر آمادہ ہے.مارکو روبیو

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ اگر ایران سنجیدہ رویہ اختیار کرتا ہے تو امریکا تنازع کے حل کے لیے سفارتی راستہ اپنانے پر آمادہ ہے، تاہم اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو اس کے نتائج تہران کے لیے سازگار نہیں ہوں گے۔

آسیان سربراہی اجلاس میں روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ ایران اس وقت معاشی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق امریکی فوجی کارروائیاں تجارتی بحری جہازوں کو درپیش خطرات کے ردعمل میں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے مذاکرات میں دلچسپی کے بعض اشارے موصول ہوئے ہیں اور امریکا ہمیشہ ایسے بامقصد مذاکرات کا حامی رہا ہے جو عملی نتائج دے سکیں۔

اس سے قبل لبنان کے صدر سے ملاقات کے دوران بھی امریکی وزیر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک مسلسل اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ موجودہ کشیدگی کا پائیدار حل صرف بات چیت، مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے۔