مسجد الحرام میں غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب
مکہ(پاک لینز).سعودی عرب میں نئے ہجری سال کے آغاز پر خانۂ کعبہ کا غلاف تبدیل کرنے کی سالانہ تقریب عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسجد الحرام میں غلافِ کعبہ کی تبدیلی کا عمل خصوصی انتظامات کے تحت مکمل کیا گیا۔ نیا غلاف کسوہ فیکٹری سے مسجد الحرام لایا گیا، جہاں ماہرین اور حرمین شریفین کے عملے نے اس اہم ذمہ داری کو انجام دیا۔
اطلاعات کے مطابق تقریباً 250 ماہرین اور متعلقہ اہلکار اس عمل میں شریک ہوئے، جبکہ غلاف کی تبدیلی کا مرحلہ چند گھنٹوں میں مکمل کر لیا گیا۔
اس دوران مسجد الحرام میں آنے والے زائرین معمول کے مطابق طواف اور عبادات میں مصروف رہے اور مذہبی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہا۔
یاد رہے کہ 2022 سے غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی تقریب یکم محرم، یعنی نئے اسلامی سال کے پہلے دن منعقد کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل کئی دہائیوں تک یہ روایت رہی کہ غلافِ کعبہ ہر سال 9 ذی الحجہ کو اس وقت تبدیل کیا جاتا تھا جب حجاج کرام وقوفِ عرفہ کے لیے میدانِ عرفات روانہ ہو چکے ہوتے تھے اور مسجد الحرام میں رش نسبتاً کم ہوتا تھا۔