فیفا ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلے میں میزبان میکسیکو نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو 0-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
میچ کے دوران جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں نے سخت کھیل کا مظاہرہ کیا، جس پر ریفری نے دو کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھاتے ہوئے میدان سے باہر بھیج دیا۔ نتیجتاً جنوبی افریقا نے میچ کا بڑا حصہ صرف 9 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا، جبکہ اختتامی لمحات میں میکسیکو کی جانب سے بھی ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔
میکسیکو سٹی کے تاریخی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم کو ابتدائی برتری جولین کوئنونز نے دلائی، جنہوں نے نویں منٹ میں گول کرکے ورلڈ کپ کے 23ویں ایڈیشن کا پہلا گول اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ بعد ازاں 67ویں منٹ میں راول خیمنیز نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی یقینی بنا دی۔
میچ سے قبل منعقدہ رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں معروف گلوکارہ شکیرا اور برنا بوائے نے ورلڈ کپ کا آفیشل ترانہ پیش کیا۔ شکیرا کی آمد سے پہلے روایتی میکسیکن رقص کے ذریعے مہمانوں کا استقبال کیا گیا۔ تقریب میں میکسیکن بینڈ مانا، وینزویلا کے ڈینی اوشین اور جے بالوین نے بھی اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔
ورلڈ کپ کے دیگر میزبان ممالک، Canada اور United States میں بھی ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچ آئندہ دنوں میں کھیلے جائیں گے، جہاں مقابلوں سے قبل خصوصی افتتاحی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔
افتتاحی تقریب اور میچ کے دوران اسٹیڈیم میں 24 ہزار سے زائد تماشائی موجود تھے، جنہوں نے اپنی ٹیم کو بھرپور سپورٹ فراہم کی۔