میاں عمر منظور ساہیوال یونین آف جرنلسٹس ساہیوال ڈویژن کے صدر منتخب

ساہیوال۔ (بیورو رپورٹ)میاں عمر منظور کی جانب سے ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کے سینئر صحافیوں، رپورٹرز اور نیشنل و لوکل اخبارات و چینلز کے نمائندگان کے اعزاز میں شاندار عشائیہ کا اہتمام

ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کے صحافیوں کا ایک اہم اور تاریخی اجلاس ساہیوال کے معروف ریسٹورنٹ میں میاں عمر منظور کی قیادت میں منعقد ہوا، جس میں ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں، رپورٹرز، نیشنل و لوکل اخبارات اور مختلف ٹی وی چینلز کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر صحافی برادری کے مسائل، تنظیمی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میاں عمر منظور کی جانب سے تمام صحافیوں، میڈیا نمائندگان اور شرکاء کے اعزاز میں شاندار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں صحافی برادری کے لیے محبت، احترام اور اتحاد کا عملی اظہار کیا گیا۔

تمام شرکاء کی باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے ساہیوال یونین آف جرنلسٹس کا تنظیمی ڈھانچہ تشکیل دیا گیا۔ اس موقع پر میاں عمر منظور کو متفقہ طور پر ساہیوال یونین آف جرنلسٹس ساہیوال ڈویژن کا صدر منتخب کیا گیا جبکہ اوکاڑہ سے سینئر صحافی عباس جٹ کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا ۔ چوہدری وسیم ارشاد کو انفارمیشن سیکرٹری کی ذمہ داری سونپی گئی۔

مزید برآں پاکپتن سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی افتخار بھٹی کو تنظیم کا چیئرمین منتخب کیا گیا، جنہیں تمام شرکاء نے اعتماد کا ووٹ دیا۔

اس موقع پر نو منتخب صدر میاں عمر منظور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال یونین آف جرنلسٹس صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور آزادی صحافت کے فروغ کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنظیم نہ صرف ساہیوال ڈویژن بلکہ پنجاب اور پاکستان بھر میں صحافیوں کی آواز بنے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحافی برادری کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ میاں عمر منظور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافیوں کی فلاح، تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے میاں عمر منظور کو مبارکباد پیش کی اور تنظیم کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔