محمد رضوان کی این سی سی آئی اے میں عدم پیشی، فائنل نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ
قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان کی طلبی کے باوجود نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں پیش نہ ہونے پر ادارے نے انہیں آخری نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان اور امام الحق سے متعلق کیس کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ امام الحق کے موبائل فون کا فرانزک تجزیہ شروع کردیا گیا ہے، جبکہ محمد رضوان کے موبائل فون کا ڈیپ فرانزک ابھی ہونا باقی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رضوان کے موبائل فون کا تفصیلی فرانزک کرنے کے لیے ان کی موجودگی ضروری ہے، اسی لیے این سی سی آئی اے کی جانب سے انہیں فرانزک کے عمل کے دوران خود موجود رہنے کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق موبائل فون کا غلط پاس ورڈ درج ہونے کی صورت میں ڈیٹا متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے، جس کے پیش نظر محمد رضوان کو دوبارہ ادارے کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این سی سی آئی اے ذرائع کے مطابق رضوان کی جانب سے طلبی پر پیش نہ ہونے کے بعد اب انہیں فائنل نوٹس بھیجنے کی کارروائی کی جائے گی۔