محمد رضوان کا این سی سی آئی اے کو کورئیر کے ذریعے جواب

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو اپنا جواب کورئیر کے ذریعے ارسال کردیا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان نے اپنے تحریری جواب میں این سی سی آئی اے کی جانب سے طلب کیے جانے کے معاملے پر متعدد سوالات اٹھائے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کرکٹر نے سوال کیا کہ انہیں کس مقصد کے لیے طلب کیا گیا تھا اور ان سے متعلق تحقیقات کی بنیاد کیا ہے۔

محمد رضوان نے اپنے جواب میں یہ بھی استفسار کیا کہ ان کا موبائل فون اب تک واپس کیوں نہیں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹر نے این سی سی آئی اے سے یہ وضاحت بھی طلب کی کہ انہوں نے ایسی کون سی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے جس کی بنیاد پر انہیں طلب کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق محمد رضوان نے خط میں دوبارہ سوال اٹھایا کہ انہیں طلب کرنے کی اصل وجہ کیا ہے اور ادارہ ان سے کس معاملے پر پوچھ گچھ کرنا چاہتا ہے۔