شوبز انڈسٹری میں منشیات کے استعمال پر محسن عباس کا بڑا انکشاف
پاکستانی اداکار، گلوکار اور رائٹر محسن عباس حیدر نے شوبز انڈسٹری میں منشیات کے استعمال سے متعلق تشویشناک صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے جو نشے کی حالت میں شوٹنگ پر آتے ہیں۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ شوبز انڈسٹری میں کچھ فنکار اور ہدایت کار نشے کی حالت میں کام کرتے ہیں، جس کے باعث نہ صرف پروڈکشن متاثر ہوتی ہے بلکہ پیشہ ورانہ ماحول بھی خراب ہوتا ہے۔
محسن عباس حیدر نے بتایا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں مطالبہ کیا تھا کہ جو اداکار یا ہدایت کار نشے کی حالت میں سیٹ پر آئیں ان پر پابندی عائد کی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق اس پوسٹ کے بعد انہیں اسی پروڈکشن کمپنی کی جانب سے رابطہ کیا گیا جس کے پراجیکٹ پر وہ کام کر رہے تھے۔
انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے ان سے وضاحت طلب کی کہ آیا ان کی بات کسی مخصوص اداکار یا ٹیم ممبر کے بارے میں ہے، جس پر انہوں نے تصدیق کی۔ ان کے مطابق بعد میں کمپنی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھیں گے۔
اداکار نے مزید کہا کہ شوٹنگ کے دوران ایک موقع پر انہیں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ایک ساتھی اداکارہ کا رویہ غیر معمولی تھا اور وہ گفتگو کے دوران توجہ نہیں دے پا رہی تھیں۔
محسن عباس حیدر نے زور دیا کہ شوبز انڈسٹری میں ایسے رویوں کی حوصلہ شکنی ضروری ہے جو کام کے معیار اور معاشرتی اقدار پر منفی اثر ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں متعلقہ پروڈکشن ٹیم نے اس معاملے پر کارروائی بھی کی